کراچی( نمائندہ خصوصی)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت کچے کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر غور و خوض کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر سکھر، ڈی آئی جی سکھر، کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کچے کے علاقے میں جاری پولیس آپریشنز اور ان کے نتائج پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک پولیس نے کچے کے علاقے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 76 ڈاکو مارے گئے، 115 ڈاکو زخمی ہوئے، اور 363 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں کئی علاقے ڈاکوؤں سے خالی کرائے گئے ہیں اور امن و امان کی بحالی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کچے کے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ کچے کے علاقے میں مستقل امن قائم رکھنے کے لیے مؤثر
اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن و سکون کا ماحول پیدا ہو اجلاس میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان قریبی تعاون پر بھی زور دیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ تمام ادارے مل کر کام کریں تاکہ خطے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں کچے کے علاقے میں مستقبل کے چیلنجز اور ان کے حل کے لیے بھی غور کیا گیا، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر یہ عزم کیا گیا کہ کچے کے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے پولیس کو تمام جدید آلات اور وسائل فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ آپریشن مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل معاونت جاری رکھی جائے گی۔