اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (پیف) كی جانب سے نیشنل ایكسیلنس انسٹیٹیوٹ اسلام آباد میں اسكالر شپ حاصل كرنے اور عمدہ كاركردگی دكھانے والے طلبا كے لیے خصوصی تقریب كا انعقاد كیا گیا ۔ ‘پیف اسكالر شپ سیلیبریشن سیریمنی ‘ كے عنوان سے منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے بطور مہمان خصوصی شركت كی ۔ تقریب میں محی الدین احمد وانی، سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت؛ مسز فرح ناز اکبر، پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم؛سیدہ حاجرہ سہیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاكستان ایجوكیشن انڈومنٹ فنڈ،سماجی شخصیات، ماہرین تعلیم اور طلبہ كی بڑی تعداد شریك تھی۔وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی اور دیگر مہمانوں نے این ای آئی کیمپس کا دورہ کیا اور پیف اسکالرشپ حاصل كرنے والے بچوں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پرسیدہ ہاجرہ سہیل اور کرنل ماجد خان نے مہمانوں كو بریفنگ دی ۔مركزی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مہارت پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے دور میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں تعلیم صرف نظریاتی علم تک محدود نہیں ہونی چاہیے؛ بلکہ ہمارے نوجوانوں کو صنعت اور جدت میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا چاہیے۔ انٹر ٹیک جیسے پروگرام تعلیم وعملی مہارت كو ملا كر نئے معیار قائم کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان تعلیم اور روزگار کے درمیان گیپس کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پیف اسکالرشپ جیسی پہلیں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کوئی بھی باصلاحیت طالب علم پیچھے نہ رہ جائے۔ ہمارا مشترکہ وژن ہے كہ ملك میں ہر فرد کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کے لیے تمام ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔محی الدین احمد وانی، سیکرٹری وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ہنر مند افرادی قوت کے لیے کمیونیکیشن اسکلز کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم صرف علم حاصل کرنے کا نام نہیں ہے؛ بلکہ یہ اپنی مہارتوں کو دنیا کے سامنے مؤثر طریقے سے پیش کرنے کا بھی ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ایسی مہارتوں سے لیس کرنے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ وہ اپنے ہنر کو دنیا بھر میں ظاہر کر سکیں اور عالمی مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔سیدہ ہاجرہ سہیل، سی ای او پیف نے انٹر ٹیک اسکالرشپ پروگرام سمیت دیگر اسكالر شپ پروگرام پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ انٹر ٹیک اسكالر شپ جیسے پروگراموں کے ذریعے پیف نے تعلیم کے طریقے کو نیا رنگ دیا ہے۔ہمارا مقصد ہنر کو فروغ دینا اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے طلبہ کے لیے مالی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، تاکہ انہیں اپنے شعبوں میں کامیاب ہونے کے لیے فلی فنڈڈ اسکالرشپ فراہم کی جا سکیں اور وہ ایک مسابقتی عالمی مارکیٹ میں کامیابیاں سمیٹ سكیں ۔تقریب میں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ نے اپنے خیالات كا اظہار كیا اورپیف ، وزارت تعلیم اور وزیر اعظم پاكستان كا شكریہ ادا كیا ۔تقریب كے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مہمان خصوصی خالد مقبول صدیقی نے تعریفی اسناد اور سرٹیفكیٹس دیے۔