اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے حوالے سے چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا اور اس سے متعلق مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے سی ڈی اے کو ہدایت دی کہ تمام پیٹرول پمپس پر چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے جائیں تاکہ الیکٹرک وہیکلز کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ اس اقدام سے نہ صرف الیکٹرک گاڑیوں کی سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔رانا تنویر حسین نے اعلان کیا کہ فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، 39,000 الیکٹرک بائیکس اور 1,900 الیکٹرک رکشے رعایتی قرضوں پر فراہم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ماحول دوست اور سستی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔اجلاس کے دوران موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر 40 چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اس پورے عمل میں شفافیت کے لیے تمام اقدامات کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ عوام کو تمام معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے اور عمل میں مکمل شفافیت ہو۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائے گا اور یہاں الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔آخر میں، وفاقی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا، جس سے ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔