اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دو مختلف آپریشنز کے دوران سات خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر لانس نائیک محمد امین شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید لانس نائیک محمد امین کے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے ، ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں ۔