اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں دو مختلف آپریشنز کے دوران سات خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے، دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھیں گے ۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب کاروائیوں کے دوران سات خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سرا ہا ۔ صدر مملکت کا دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر لانس نائیک محمد امین شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔صدر مملکت نے لانس نائیک محمد امین شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔ صدر مملکت نے لانس نائیک محمد امین شہید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کی ۔ صدر مملکت کی لانس نائیک محمد امین شہید کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔صدر مملکت نے ملک سے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔