اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی کے تعلقات کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں بنگلہ دیش کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر پاکستان میں اپنی چار سالہ مدت پوری کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلہ دیش تعلقات کے فروغ کے لئے ہائی کمشنر کی شاندار خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی کے تعلقات کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے پاکستان میں قیام کے دوران انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔