کراچی( نمائندہ خصوصی)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں 16 دسمبر سے شروع ہونے والی سات روزہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری صحت ریحان اقبال بلوچ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف کے نمائندے، اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے کوآرڈینیٹر ارشاد علی سودھر نے شرکت کی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔پولیو مہم کے دوران سندھ بھر میں 1 کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر بچے کو ویکسین دینا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہم میں 80 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے اور صوبے کے تمام بس ٹرمینلز پر پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ سفر کرنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ والدین کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے قائل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیو ورکرز کی تربیت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ اور محکمہ بلدیات کے یوسی سیکریٹریز مہم کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اجلاس کو یقین دلایا کہ مہم کے دوران 24 ہزار سے زائد پولیس اہلکار پولیو ورکرز کی حفاظت کے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اجلاس میں بتایا کہ کراچی میں انکاری والدین اور مہاجر آبادی کے مسائل پولیو مہم کے لیے چیلنج ہیں، تاہم ان مسائل پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر ارشاد علی سودھر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پولیو ورکرز کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کراچی کے بس ٹرمینلز کی نقشہ سازی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سہراب گوٹھ بس ٹرمینل پر 18 پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ وہاں سے گزرنے والے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے حکومت کی جانب سے اس مہم کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے یہ مہم سندھ کے عوام اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔