اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)1948 میں اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کے بعد ، ہر برس 10 دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن اقوام عالم کو یاد دلاتا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور اقدار کے تحفظ کی پاسداری کریں۔ تاہم، یہاں میں اس بات کا ذکر کرنا چاہتا ہوں کہ اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کے اعلامیے کو اپنانے سے بہت پہلے ہمارے مقدس مذہب اسلام نے انسانی اقدار و حقوق کے اصولوں پر عمل کرنے کی تلقین کی۔اس سال انسانی حقوق کے عالمی دن کا موضوع "ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل، ابھی” ہماری روزمرہ کی زندگی میں انسانی حقوق کی اہمیت اور مطابقت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ ہے۔ ہمارے لیے یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے کی گئی قانون سازی، پالیسی اور اقدامات کو عالمی طور پر سراہا گیا ہے ۔ حکومت پاکستان نے انسانی حقوق کے تحفظ کی قانون سازی کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں، خصوصاً معاشرے کے نسبتاً کمزور طبقات بشمول خواتین، بچے، بزرگ شہری، ٹرانس جینڈر افراد، اقلیتوں اور معذور افراد کے بنیادی حقوق، جو پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 8-28 میں درج ہیں-انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک خود مختار قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، قومی کمیشن برائے اسٹیٹس آف ویمن، اور قومی کمیشن برائے حقوق اطفال قائم کیے گئے ہیں۔ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ 2024 میں، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کو عالمی اتحاد برائے قومی انسانی حقوق کے اداروں نے A-Status NHRI کے طور پر تسلیم کیا ہے، جو پیرس اصولوں کے مطابق ہے۔ یہ پاکستان میں انسانی حقوق کو برقرار رکھنے میں کمیشن کی کوششوں کا عکاس ہے۔ اسی طرح، قانونی قومی کمیشن برائے اقلیتی برادری نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہماری کوششوں کو مزید تقویت دی ہے۔آج جبکہ ہم انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں تو ہمیں فلسطینی عوام کی حالت زار کو نہیں بھولنا چاہیے جنہیں غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کا سامنا ہے۔ دنیا کو اپنے دور کے سنگین ترین انسانی المیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں اور اسرائیل سے فلسطین کے عوام کی جاری نسل کشی کو فوری طور پر بند کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اسی طرح بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر IIOJK اور فلسطین کے عوام کی اس وقت تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔حکومت پاکستان ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کی حمایت کرتی ہے۔ میں اپنے تمام شہریوں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں، میڈیا، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، این جی اوز اور سول سوسائٹی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور ایک مزید جامع اور مساوی معاشرے کی تعمیر کے لیے ہاتھ بٹائیں جہاں ہر فرد کے انسانی حقوق کا تحفظ اور احترام ہو۔