اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ):انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیرہائوس اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ اور کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ایک کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کے مہمان خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون تھے۔ مقررین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے 1948میں انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ منظور کیا اور اس اعلامیے میں ہر انسان کے بنیادی حقوق کو نہ صرف تسلیم کیاگیا بلکہ ان کی حفاظت کی ضمانت بھی دی گئی لیکن کشمیری عوام آج تک ان تمام حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں دہائیوں سے جاری بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق شدید متاثر ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی اور ظالمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ بہت سے کشمیریوں کو اغوا کرکے لاپتہ کیاگیا ہے اوران کے بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ وہ زندہ بھی ہیں یا شہید کئے گئے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کالے قوانین کے تحت حریت رہنمائوں اورکارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی پابند سلاسل کیاگیا ہے اورانہیں جسمانی اورذہنی تشددکا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ذرائع ابلاغ اوراظہارائے کی آزادی پر تاریخ کی بدترین پابندیاں لگائی گئی ہیں جبکہ صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے،ان پر حملے کیے جاتے ہیں اور جھوٹے مقدمات میں پھنساکر گرفتار کیا جاتا ہے۔ مقررین نے کہاکہ خرم پرویز جیسے انسانی حقوق کے علمبردار کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر تین سال سے جیل میں پابند سلاسل رکھاگیا ہے۔آزادی کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کی جائیدادوں اور گھروں کو ضبط کیا جارہا ہے۔ مقررین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم کا نوٹس لیں۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت دلانے کا مطالبہ کیا ۔ کانفرنس سے رانا قاسم نون ، محمد فاروق رحمانی ، آزادکشمیرکے وزراء امتیاز نسیم اورمیاں عبد الوحید ، سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل وجاہت رشید بیگ ، حریت رہنمائوںالطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی ، ایڈووکیٹ پرویز احمد،حسن البنائ، ندا اسلام اورنجیب الغفور خان نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ،محمد خطیب حسین ،شیخ عبدالمتین ،جاوید جہانگیر ،منظور ڈار،امتیاز وانی، اعجاز رحمانی، سید گلشن ،عبدالحمید لون،حاجی محمد سلطان ،زاہد اشرف،زاہد صفی ،شیخ عبد الماجد ،زاہدمجتبیٰ ،عدیل مشتاق، خورشید میر ، عبدالمجید میر اور طلبا ء کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔