اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ۔ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی گفتگو کی گئی اور نیٹلی بیکر نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں امریکا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکا ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون فراہم کرے گا جبکہ امریکا نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دہشتگردی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات اور سازوسامان کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات اور سازوسامان سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین بہترین تعلقات ہیں، جو کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی دستاویزات کے حامل کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد سے نہیں نکالا جا رہا لیکن غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے پر پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ بھی اس موقع پرموجود تھے۔