اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال سے بڑی دشمنی پاکستان کے ساتھ کیا ہو سکتی ہے ، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے، معاشی استحکام کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے شر پسندوں کو نہیں چھوڑاجائےگا، شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا میکنزم طے ہو گیا ۔منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے اندر شام کے حالات یکسر تبدیل ہو گئے۔پاکستان اس صورتحال میں غیر جانبد ار رہا ۔شام میں اس وقت 250 زائرین اور 300 دیگر پاکستانی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کئی پاکستانی خاندان برسوں سے وہا ں آباد ہیں۔ شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے نائب وزیراعظم اور شام میں پاکستان کے سفیر نے متحرک کردار اداکیا۔گزشتہ روز میری شام میں تعینات پاکستانی سفیر سے ملاقات بھی ہوئی۔ ان افراد کو بذریعہ سڑک لبنان اور رفیق حریری ایئرپورٹ سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ واپس لایا جا سکتا ہے۔ کل لبنان کے وزیراعظم سے اس سلسلہ میں میں نے بات کی ہے۔ریاض میں سعودی ولی عہد کی دعوت پر جب میں گیا تو میری لبنان کے وزیراعظم سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کے لئے نیک جذبات کا اظہار کیا اور پاکستان کی طرف سے بھجوائی جانے والی امداد کا شکریہ بھی اداکیاتھا۔لبنان کے وزیراعظم نے بیروت کے ذریعے شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے سلسلہ میں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔اس طرح شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا میکنزم طے ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے ہفتہ وار مہنگائی (ایس پی آئی) کا انڈکس کم ہو کر 3.7 فیصد پر آنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتےہوئے کہا کہ معاشی استحکام و ترقی کے لئے سیاسی استحکام اور امن و امان ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے کابینہ کو بتایاکہ کل آذربائیجان کے سفیر سے بھی ملاقات ہوئی۔ فروری میں وزیراعظم پاکستان آذربائیجان کا دورہ کریں گے اور پاکستان میںآذربائیجان کی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور اقدامات سےمعاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔اس کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ امن و امان کے حوالے سے گزشتہ روز بھی اجلاس ہوا جس میں میں نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی ناپاک کوشش اور توڑ پھوڑ کرنے کی جو سازش پاکستان کے خلاف کی گئی اس میں جوجو ملوث ہے ثبوتوں کے ساتھ ان کے خلاف کارروائی ہو گی اور ان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائےگااور کسی بے گناہ کو ہاتھ تک نہیں لگایاجائےگا۔وزیراعظم نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ یہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے جوبیرون ملک دن رات محنت کرکے رزق حلال کماتے اور اپنی رقوم وطن بھجواتے ہیں۔ وزیراعظم نے سول نافرمانی کی کال کو بدقسمتی قراردیتےہوئے کہا کہ اس سے بڑی دشمنی پاکستان کے ساتھ کیا ہو سکتی ہے۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان معاشی صورتحال میں بہتری کے ساتھ اپنا مقام ضرور حاصل کر ےگا۔