راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز کے ڈیرہ اسماعیل خان ڈی آئی خان میں کامیاب آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں پکڑا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کو سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک خوارج زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ان خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔