اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں،اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران کوئی بے گناہ اور معصوم شہری گرفتار نہ ہو۔پیر کووزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ انتشار پھیلا کر تیزی سے مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی سازش کرے،اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران کوئی بے گناہ اور معصوم شہری گرفتار نہ ہو۔وزیراعظم نے انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی کا عمل موثر بنانے اور ان کے خلاف ٹھوس ثبوت حاصل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے فساد پھیلانے والوں کے خلاف قائم کی گئی ٹاسک فورس کو ہر ممکن وسائل فراہم کرنے ، وفاقی پراسیکیوشن سروس کو وزارت قانون کے تحت لانے اوراسلام آباد جیل کی تعمیر جلدازجلد مکمل کرنے اور اس حوالے سے فنڈز فوری جاری کرنے کی بھی ہدایات کیں۔اجلاس کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد سیف سٹی کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور سیف سٹی کیمروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے،اسلام آباد جیل کی عمارت اگلے سال مارچ تک مکمل کر لی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔