اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شام سے وطن واپسی کے خواہاں پاکستانیوں کے ہمسایہ ممالک کے ذریعے جلد از جلد محفوظ انخلاء کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت شام کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شام سے وطن واپسی کے خواہاں پاکستانیوں کے بذریعہ ہمسایہ ممالک جلد از جلد محفوظ انخلاء کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے حکم دیا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لئے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے حکم دیا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک دفتر خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ اور شام اور اس کے ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں میں معلوماتی ڈیسک 24 گھنٹے فعال رہیں۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔