سوات ( نمائندہ خصوصی)پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے منعقدہ ایوینٹ میں مالاکنڈ یونیورسٹی کی طالبات نے کانجو کینٹ سوات میں ایک دن گذارا۔پاک فوج کے ساتھ ایک دن کے دوران طالبات نے سیکیورٹی کے حوالے سے تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر فرنٹیئر کور نارتھ کے بینڈ نے ملی نغموں پر مشتمل دھنیں پیش کیں جبکہ محسود، بیٹنی، چترالی اور خٹک رقص بھی پیش کیا گیا۔پاک فوج کی جانب سے دفاعی سازوسامان اور علاقائ اشیاء پر مشتمل سٹالز بھی لگائے گئے جسے طالبات نے بہت سراہا۔دورہ کے دوران طالبات اور فرنٹیئر کور نارتھ کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ، بیڈ منٹن اور ٹگ آف وار کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔تقریب کے مہمان خصوصی کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔طالبات نے اس دن کے انعقاد پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ دن کبھی نہیں بھولیں گی۔ آج ہمارا واپس جانے کو دل نہیں کررہا۔ کور کمانڈر نے اس اہم دن کا انعقاد کر کے اپنا وعدہ پورا کیا۔