کراچی (اسٹاف رپورٹر) چینی حکومت کے تعاون سے کراچی پریس کلب میں ”جدید ترین صبیح الدین غوثی کمپیوٹر لیب” کا افتتاح کردیا گیا۔ کمپیوٹر لیب کا افتتاح پیر کو کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد نے مجلس عاملہ کے اراکین کے ہمراہ کیا۔ اس کمپیوٹر لیب میں چینی حکومت کے تعاون سے جدید ترین 12نئے کمپیوٹرز نصب کئے گئے ہیں۔ لیب میں پرنٹنگ کی بھی جدید ترین سہولیات میسر ہیں۔ اس کمپیوٹر لیب میں 15 افراد بیک وقت اپنا کام سرانجام دے سکتے ہیں جبکہ لیپ ٹاپ استعمال کرنے والوں کے لیے بھی الگ سے ورک اسٹیشن قائم کیا گیا ہے-افتتاح کے موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے کہا کہ جدید ترین کمپیوٹر لیب کی تزئین وآرائش پر ہم چینی قونصل جنرل کے مشکور ہیں۔ اس کے علاوہ ہم چینی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین کے لئے کمپیوٹر کی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی موجودہ باڈی نے کلب کی تزئین وآرائش اور اس کے اراکین کی سہولیات کی مزید فراہمی کے لئے بہت کوششیں کی ہیں۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی ایک تاریخ ہے کہ جدید ترین کمپیوٹر لیب سے اراکین کو بہت سہولیات ملیں گی اور انہیں میڈیا کے حوالے سے اپنے کام کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا