اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):موسم سرما نے پاکستان کے برف سے ڈھکے پہاڑوں میں سیاحت میں اضافہ کیا ہے، ہزاروں شائقین موسم سرما کے کھیلوں کے سنسنی خیز تجربہ کے لئے پہاڑوں اور سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔پی ٹی وی نیوز نے اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ برف باری نے پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو نمایاں فروغ دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اور بلاگرز بھی برف سے ڈھکے مناظر کی شاندار تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے میں مصرعف ہیں۔ رپورٹ کے مطابق برف سے ڈھکے پہاڑوں، منجمد جھیلوں اور دلکش مناظر نے دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان میں سیاحت کی صنعت نے بے مثال ترقی کی ہے، ملک کے مشہور سیاحتی مقامات بشمول سوات، آزاد کشمیر، ہنزہ اوردیگر شمالی علاقوں میں ہوٹلز اور ریزورٹس میں سیاحوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔سیاحت کے حکام نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں سرمائی سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جس میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور سیاحوں کے لیے سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہاہم بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور اپنے خوبصورت ملک کو ایک اعلیٰ سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔