اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی تین کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور ضلع کرم میں چیک پوسٹ پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے6 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضلع ٹانک، ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع تھل میں فورسز کے ہاتھوں 22 دہشتگردوں کا واصل جہنم ہونا اہم کامیابی ہے۔انہوں نےخیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں چیک پوسٹ پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی اور بگن کے علاقہ کے قریب پیش آنے والے واقعہ میں 6 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ۔ انہوں نے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،ملک کو دہشتگردی اور معاشرے کو انتہاپسندی سے محفوظ بنانے کے لیے نیا ایکشن پلان وقت کی ضرورت بن چکاہے۔