اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ میری ٹائم منسٹری ایک بڑی منسٹری ہے جس میں مختلف اہم شعبے ہیں گیارہ سو کلو میٹر کی ساحلی پٹی ہے، سی فوڈز سمیت مچھلیوں کی برآمدات میں اضافہ کرناہے ،کے پی ٹی اور پورٹ قاسم پر جو ایکسپورٹرز کے مسائل ہیں وہ حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی این ایس سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر مہینے پہلے ہفتے ہم کھلی کچہری منعقد کی جا رہی ہے تاکہ وزارت کی سطح کے جو بھی مسائل ہوں انہیں حل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ یہاں سب سنے جاتے ہیں متعلقہ افسران کوان مسائل سے آگاہ کیا جاتا ہے اور مسائل کو حل کرایا جاتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 2024 میں کے پی ٹی کی ارننگ 10ارب ہوچکی ہے فشریز میں بڑے مواقع ہیں کوشش ہے تمام سیکٹرز میں ریوینیو بڑھایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور سندھ حکومت کی مشترکہ کمیٹی بنائی گئی ہے۔ کراچی کے مسائل پر مشترکہ کاوشیں کی جائیںگی، سندھ حکومت کی میری ٹائم سیکٹر میں کوئی شکایت نہیں۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کے پی ٹی کے پاس پرائم لوکیشن پر اچھی زمینیں ہیں اگر مستقبل میں کوئی منصوبہ ہوا بھی تو پورٹ کی ترقی کے لیے ہوگا ناکہ رئیل اسٹیٹ کے لیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی ٹی نے ایک سال میں پانچ گنا ریوینیوحاصل کیا، کے پی ٹی نے کراچی کے لیے مختلف کام کیے اسپتال بنائے اور دیگر سڑکوں پر بھی کام ہورہا ہے۔ انہیں بتایاگیا کہ ہمارا زیادہ ریوینیو تنخواہوں میں چلا جاتا ہے گیارہ ارب کے پی ٹی کی تنخواہیں ہیں پانچ ارب روپے کا ریوینیو ہے اسی لیے فرق چھ ارب کا بنتاہے ملازمین اگر زیادہ ہیں تو میں نے انتظامیہ سے کہا ہے کہیں اور لگائیں اوور ٹائم نہ دیں۔