اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں تین مختلف آپریشنز میں 22 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اوراس دوران پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ہفتہ کو ایوانِ صدر پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران فتنة الخوارج کے 22دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے ضلع ٹانک، شمالی وزیرستان اور ٹھل میں خوارج کے خلاف فورسز کی کامیاب کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کارروائیوں میں22 دہشت گرد ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس بھی کیا اور ملکی سلامتی کی خاطر عظیم قربانی پیش کرنے پر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے پر شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔صدر نے فتنة الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہارکیا۔