اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح میں مزید کمی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت مہنگائی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے۔پرائم منسٹر آفس پریس ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں وزیر اعظم نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر ساڑھے تین فیصد (3.57) پر آنے پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت مہنگائی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے،4 اکتوبر 2018 کے بعد، آج پرائس انڈیکس کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا وزیرِاعظم نے کہا کہ گزشتہ برس میں رواں ہفتے کی نسبت آج مہنگائی کی شرح میں 39.11 فیصد کی بڑی کمی معاشی ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے اپنے ہر وعدے پر قائم ہوں،عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے دن رات محنت کا عہد کیا تھا ،بطور خادم پاکستان اپنے کئے گئے ہر عہد پر قائم ہوں۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ روزگار کی فراہمی، ملکی صنعتی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے ،بیرون ملک سے ترسیلات زر، دوست ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ، سفارتی تعلقات میں استحکام پاکستان کی ترقی کے سفر کی عکاس ہے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری سیاسی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں،ملکی ترقی کے سفر میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔