اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے گنے کے کاشتکاروں کی شکایات کے حوالہ سے کہا ہے کہ کسانوں کا استحصال کسی قیمت پر نہیں ہونے دیا جائے گا،شوگر ملز مالکان کاشتکاروں کو گنے کی مناسب قیمت ادا کریں۔وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں وفاقی وزیر نے کسانوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا استحصال کسی قیمت پر نہیں ہونے دیا جائے گا، شوگر ملز مالکان کاشتکاروں کو گنے کی مناسب قیمت ادا کریں، کاشتکاروں کو گنے کی فصل کا مناسب نرخ ملنا چاہیے۔رانا تنویر حسین نے ہدایت کی کہ کین کمشنر آئندہ اجلاس میں گنے کی قیمتوں سے متعلق رپورٹ پیش کریں ۔ وفاقی وزیر نے یہ نوٹس شوگر ملز کی جانب سے کسانوں کو گنے کی مناسبت قیمت ادا نہ کرنے پہ لیا ہے۔ اجلاس کے دوران بورڈ نے ملک میں چینی کے سٹاک کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ملک میں چینی کے موجودہ ذخائر پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی کا کرشنگ سیزن وقت پر شروع ہونا ایک کامیابی ہے۔