اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے 27ویں کانووکیشن کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پرو چانسلر بحریہ یونیورسٹی، نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فارغ التحصیل طلباء کو ڈگریاں دیں۔کانووکیشن کے دوران 1300 سے زائد گریجویٹس کو مختلف شعبوں میں ڈگریاں دی گئیں۔ جبکہ 103 طلباء نے اپنی غیر معمولی کامیابیوں کے اعتراف میں سونے اور چاندی کے تمغے حاصل کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے گریجویٹس اور ان کے اہل خانہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے نظم و ضبط، اخلاقیات اور خدمت کی اعلی اقدار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے جدید منظر نامے کے پیش نظر تعلیمی معیار میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے لیے بحریہ یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل آصف خالق (ر) نے طلباء کی تعلیمی کامیابیوں اور مستقبل میں ان کے پیشہ ورانہ کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔