کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل آف کراچی کے الیکشن میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے ۔دی آرٹس فورم کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے ماضی کے الیکشنز میں جو خامیاں سامنے آئی تھیں ان کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیںگے ۔یہ بات انہوںنے اپنے آفس میں دی آرٹس فورم کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں مبشر میر ،نجم الدین شیخ ،زیڈ ایچ خرم اور نسیم شاہ ایڈوکیٹ شامل تھے ۔کمشنر کراچی اور چیف الیکشن کمشنر آرٹس کونسل سید حسن نقوی نے اپنی پریس کانفرنس میں مبشر میر کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کے بعد دی آرٹس فورم کے وفد کو ملاقات کی دعوت دی تھی ۔آرٹس فورم کے وفد نے کمشنر کراچی کو ملاقات میں اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں ہونے والے الیکشنز میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی جاتی رہی ہیں ۔22دسمبر کو ہونے والے الیکشن کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہا کہ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ اپوزیشن کو بھی اسی طرح برابر کے موقع حاصل ہوں جس طرح برسراقتدار گروپ کو حاصل ہیں ۔برسراقتدار گروپ کی طرح اپوزیشن کو بھی آرٹس کونسل میں اپنے پروگرامز کرنے کی آزادی ہونی چاہیے اور الیکشن کے حوالے سے تمام سرگرمیاں آرٹس کونسل کے اندر ہی ہونا چاہئیں ۔دی آرٹس فورم کے وفد نے ممبرز کی فہرست کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ الیکشن میں شفافیت برقراررکھنے کے لیے ضروری ہے کہ پولنگ کا عمل بائیومیٹرک طریقہ کار سے ہو ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے دی آرٹس فورم کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ الیکشن میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ ماضی میں ہونے والے الیکشنز میں جو مسائل پیدا ہوئے تھے ان کے تدارک کی کو شش کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ الیکشن کے عمل پر کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے ۔انہوںنے ممبرز کی فہرست اور بائیومیٹرک پولنگ کے مطالبے پر غور کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے ۔