اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز معاون نے ممباسا، کینیا کا دورہ کیا جس کے دوران فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ میں مختلف ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں۔ قبل ازیں ممباسا کی بندرگاہ پہنچنے پر مقامی حکام نے پی این ایس معاون کا پرتپاک استقبال کیا۔میڈیکل کیمپ میں سرجنز اور طبی ماہرین نے مریضوں کو مفت طبی مشاورت، علاج اور ادویات فراہم کیں۔ پاک بحریہ کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کو مقامی لوگوں نے خوب سراہا جنہوں نے فراہم کی جانے والی اعلیٰ معیار کی طبی امداد سے استفادہ کیا۔بندرگاہ کے دورے کے دوران، پی این ایس معاون کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل پال اوور اوٹینو (Major Gen Paul Owuor Otieno) اور دیگر اعلیٰ نیول حکام کے ساتھ ساتھ مقامی حکومت کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر غور کیا گیا۔ کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی کینیا کی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور میزبان بحریہ اور مقامی پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ پی این ایس معاون کا دورہ کینیا اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد پاک بحریہ کے جذبہ خیر سگالی کو فروغ دینے اور ضرورت مند کمیونیٹیز کو بنادی طبی امداد کی فراہمی کے عزم کا مظہر ہے۔