اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی جائیدادوں پر مسلسل قبضے پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں ضلع کشتواڑ میں 13 افراد کی جائیدادوں کی حالیہ ضبطی بھی شامل ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارتی اقدامات کشمیریوں کی زمینوں اور جائیدادوں کو ضبط کرنے کی جاری مہم کا حصہ ہے تاکہ کشمیری عوام کو ہراساں اور ڈرایا جاسکے اور انہیں ان کے سیاسی نظریات کی سزا دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی املاک پر قبضے کی جاری مہم کو ختم کریں اور ایک قابض طاقت کے طور پر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کریں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے اپنے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔