اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ ہم پاکستان روس تعلقات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں،پاک روس تعلقات نہ ہی کسی کو نقصان پہنچانے کے لیے ہیں نہ ہی کسی کے مفاد کے خلاف ہیں۔روسی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان روس تعلقات پر مغرب کو ناراض نہیں ہونا چاہیے۔اویس لغاری نے کہا کہ ان تعلقات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور یہ فوائد اقتصادی فوائد میں تبدیل ہو جائیں گے۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ تیسری دنیا کے ممالک کی ترقی کے لیے عالمی طاقتوں کے درمیان مؤثر اور مسلسل رابطہ ناگزیر ہے،ہم روس کے ساتھ ثقافتی تعلقات، کھیل اور انسانی وسائل کی ترقی کے میدانوں میں تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں اویس لغاری نے کہا کہ مارچ سے پاکستان اور روس کے درمیان آزمائشی مال بردار ٹرین چلے گی اور ہم پاکستان اور روس کے درمیان براہِ راست فضائی سروسز کے قیام پربھی غور کر رہے ہیں ، فضائی سروس سے عوام کے درمیان رابطے بڑھیں گے اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برکس فریم ورک کے اندر رکن ممالک کے ساتھ بہتر اور قریبی علاقائی تعاون کا فائدہ ہوسکتاہے۔