اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان اور ضلع لکی مروت میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان آپریشنز میں مطلوب دہشت گرد سمیت 8 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فورسز ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے کھڑی رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔