راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا کے علاقوں میں 2 الگ الگ آپریشنز کے دوران 8 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں خوارج کے سرغنہ خان محمد عرف کھورایاسمیت دو خوارج مارے گئے جبکہ دو خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔ مارا گیا خارجی خان محمد عرف کھورایا علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت ایک ملین مقرر کی تھی۔ایک اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکورٹی فورسز نے چھ خوارج کو ہلاک کردیا ،علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لئے صفائی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔