اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن (پی ٹی وی)نے ترکیہ کے سفارتخانہ کے تعاون سے ”ورلڈ ترکش کافی ڈے“ منایا جس میں ترکیہ کی شاندار ثقافت اور اس کی مشہور کافی کی روایت کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط تعلقات کو اجاگر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیاءکرنا اور تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیروگلو، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی مس عنبرین جان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سپیشل انیشی ایٹوز ڈاکٹر دانیال سلیم، ڈائریکٹر نیوز ڈاکٹر ہارون الٰہی، انچارج پی ٹی وی ورلڈ نمود مسلم اور ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز چوہدری محمد سلیم سمیت نیوز سنٹر کے ملازمین نے شرکت کی۔ مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور قریبی تعلقات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط بھائی چارے کا رشتہ قائم ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ترکش کافی کو ترکیہ کی مہمان نوازی کی حقیقی عکاس قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ثقافت اور فنون کے شعبوں میں تعاون سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عوام کی سطح پر تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیروگلو نے ترکش کافی کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترکش کافی صرف ایک مشروب نہیں، یہ ایک شاندار روایت ہے جو صدیوں سے چلی آ رہی ہے، اس کی تیاری ایک پیچیدہ عمل ہے جو ہمارے بھرپور ثقافتی ورثے کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکش کافی نے گانوں اور شاعری کو بھی متاثر کیا ہے اور اسے ہماری تاریخ کی ایک نمایاں علامت بنا دیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور پی ٹی وی کی منیجنگ ڈائریکٹر عنبرین جان نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور تاریخی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی، تاریخی اور گہرے مذہبی رشتے موجود ہیں جو اب گہرے اقتصادی تعلقات میں تبدیل ہو رہے ہیں۔کافی کی مشترکہ محبت ہمیں مزید قریب لاتی ہے جو ہماری مشترکہ ثقافتی تعریف کی عکاسی کرتی ہے۔ تقریب میں شریک حاضرین ترکی کی کافی سے لطف اندوز ہوئے اور اسے ترکی کی مہمان نوازی کا حقیقی تجربہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی وی ثقافتی سفارت کاری اور مشترکہ روایات کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ ورلڈ ترکش کافی ڈے جیسی تقریبات پاکستان اور اس کے اتحادیوں کے درمیان بامعنی روابط کو فروغ دینے میں ریاستی نشریاتی ادارے کے کردار کی توثیق کرتی ہیں۔