اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شیخوپورہ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا طاہرکی واضح برتری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی 139 کے ضمنی انتخاب میں عوام نے انتشار کی بجائے ترقی و خوشحالی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا،پی پی-139 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی واضح برتری عوام کے پارٹی کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 4.9 پر آنا، عام آدمی کی زندگی میں آسانی، ملکی معاشی اعشاریوں میں بہتری کی بدولت پی پی 139 کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا،پی پی 139 کے ضمنی انتخاب نے جلاؤ گھیراؤ کے بیانیئے کو مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپنے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کی قائدانہ سوچ اور پارٹی ورکرز کی محنت کی بدولت فتح نصیب ہوئی۔پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز بھی دن رات عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی کیلئے مصروف عمل ہیں،شہبازشریف نے کہا کہ عوام ملک میں حقیقی معاشی ترقی اور حقیقی خوشحالی لانے والوں کو منتخب کر چکی،انشاء اللہ وطن عزیز کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے شبانہ روز محنت جاری رکھیں گے۔