اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام عالم کی جانب سے اسرائیل کا سخت احتساب نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور مقبوضہ علاقوں میں مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔فلسطینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، آزادی اور انصاف کے حصول کے لئے ان کی منصفانہ جدوجہد کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی خصوصاً 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے بگڑتی ہوئی صورتحال جس کے نتیجے میں 43,000 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں اور 105,000 سے زائد زخمی ہوئے، کے اقدامات کی پاکستان کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے اقوام عالم کی جانب سے اسرائیل کا سخت احتساب نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور مقبوضہ علاقوں میں مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم بہادر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ اور دیرپا حل کی ضرورت پر بھی زور دیا جس کی سرحدوں کا تعین 1967 سے پہلے کی بنیاد پر ہو اور جس کا دارالحکومت القدس ہو۔سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے فلسطینی عوام کی موجودہ مشکلات میں پاکستان کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ ساتھ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کو سراہاانہوں نے وزیراعظم کی ذاتی قیادت اور فلسطین کے لئے حمایت کے ساتھ ساتھ انتہائی ضروری انسانی امداد فراہم کرنے اور فلسطینی میڈیکل طلباء کو پاکستان میں تعلیم مکمل کرنے کے لئے وظائف کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی سفیر کی پاکستان میں تعیناتی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں ہر وقت اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔