اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت تجارت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے برآمدات بڑھانے کیلئے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس آئندہ ہفتے بلانے اور بلوچستان کے سرحدی اضلاع کیلئے روزگار کے پائیدار مواقع بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت تجارت کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے اپنی جاری کردہ ہدایات کی تعمیل پر وزارت تجارت کی کارکردگی کو سراہتےہوئے پاکستانی برآمدات بڑھانے کے لئے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے کی ہدایت کی۔انہوں نے بلوچستان کے سرحدی اضلاع کے لئے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے اور ملائیشیا کو پاکستانی چاول کی برآمدات مزید بڑھانے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کے پاکستان کے حالیہ دورے میں پاکستان سے ملائیشیا کو چاول کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لئے پاکستان میں موجود خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کیا جائے اور ان میں ہوٹل، ہسپتال، بزنس سکول اور دیگر سروسز فراہم کی جائیں۔وزیراعظم نے گندم، کپاس، کماد، چاول، خوردنی تیل اور دیگر بڑی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ بیان کے مطابق کابینہ کمیٹی بڑی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے ماہرین کی آرا پر مبنی سفارشات پیش کرے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو زرعی برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ روس کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے تحت زرعی اجناس کی تجارت کے لئے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں، تاجکستان کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔