کراچی (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے پاکستانی وفد کا دورہ امریکا ویزا کے اجراءکے مسائل کے باعث کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔پیر کے روز ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی آئینی درخواست 3139/2015 کی سماعت کے بعدان کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب پتہ چلا ہے کہ وفد کو نئی کیٹیگری کا ویزہ لینے کی ضرورت ہے جس کا حصول مقررہ وقت میں انتہائی مشکل نظر آرہا ہے۔ واضح رہے کہ وفد کے ارکان نے جمعہ کے روز پاسپورٹ امریکی قونصلیٹ میںجمع کرادیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران ویزا کے مسائل اور متعلقہ معاملات کے بارے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل سنگل بنچ نے آج آئینی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کیا کہ بیوروکریسی کی رکاوٹیں بار بار تاخیر کا باعث بن رہی ہیں۔ تاہم آج کی کاروائی کا مثبت نتیجہ یہ نکلا کہ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ وہ وفد کے دورہ امریکہ کے اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تقریباً چار دن باقی رہ گئے ہیں اور ویزا کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے بیوروکریسی کی جانب سے کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری صورت میں اب تک کی گئی ساری محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔مقدمہ کی آئندہ سماعت 13 دسمبر کو ہوگی۔