اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام داخلی و خارجی راستوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں رکاوٹیں ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تمام داخلی و خارجی راستوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔بدھ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیض آباد کے مقام پر لگی تمام بندشیں ختم کر دی گئیں ،فیض آباد میں بند کیے گئے تمام بس ٹرمینلز بھی کھل گئے،26 نمبر پوائنٹ اور سری نگر ہائی وے کو مکمل طور پر کھول دیا گیا۔26 نمبر پل اور فتح جنگ روڑ سے بھی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں،پشاور روڑ اور سنگجانی ٹول پلازہ کو بھی کھول دیا گیا۔کٹی پہاڑی، مارگلہ ایونیو اور جی ٹی روڑ کی بندش بھی ختم کر دی گئی،ایران ایونیو اور ای الیون سے رکاوٹیں ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے،پرانے مارگلہ روڑ سے بھی کنٹینرز ہٹانے کا عمل مکمل ہوگیا۔انٹرچینج کے مقام پر لگائے گئے کنٹینرز بھی ہٹا دئیے گئے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ شہر بھر کے مختلف راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا عمل مکمل ہوگیا،شہری اسلام آباد کی شاہراہوں پر باآسانی آمدورفت کر سکتے ہیں۔عرفان میمن نے کہاکہ شہر بھر میں صفائی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
راستوں کی بندش کی وجہ سے درپیش مشکلات پر ضلعی انتظامیہ معذرت خواہ ہے۔