لاہور۔(نمائندہ خصوصی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمدللہ 9مئی کے پلان ٹو کو ناکام بنایا گیا، پولیس اور رینجرز کی شہادتوں کے ذمہ دار عمران خان، بشری بی بی اور علی امین گنڈاپور ہیں۔بدھ کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 9مئی کو کارکنوں کو آگے لگا کر فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے جبکہ 26نومبر کو کرائے کےشرپسندوں کے ذریعے رینجرز اور پولیس کو شہید کروایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک آنے کا مقصد صرف رینجرز اور پولیس کی لاشیں اٹھانا تھا،2014میں بھی ڈی چوک میں قبریں کھودی گئیں اور 2024میں پولیس اور رینجرز کو شہید کر کے وہاں سے فرار ہو گئے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جو لوگ کفن باندھ کر آنے کے دعوے کرتے تھے وہ پولیس اور رینجرز کو شہید کر کے بلٹ پروف گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔سینئر صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے شرپسندوں کو کرائے پر لا کر ملک کو آگ میں جھونکنے کی کوشش کی،جو کچھ عوام نے تین دن تک دہشتگردی کی صورت میں دیکھا وہ پی ٹی آئی کا اصل چہرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ہارڈنڈ کرمنلز کا ایک گروہ ہے اور عمران خان کا نام نہاد انقلاب دم دبا کر بھاگ چکا ہے۔