اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان اور بیلاروس نے 15 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جن میں 2025 سے 2027 کی مدت کے لئے جامع تعاون کا روڈ میپ بھی شامل ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روڈ میپ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔بیان کے مطابق بیلاروس کے صدر اور وزیراعظم پاکستان نے دو طرفہ تعلقات کی مکمل رینج کا جامع جائزہ لیا اور سیاسی، تجارتی، اقتصادی، ثقافتی، سماجی اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کرلیا ہے۔ ایئرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انہیں الوداع کیا۔