اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پریس کونسل آف پاکستان (پی سی پی) کے چیئرمین محمد ارشد خان جدون نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین کی جانب سے منگل کے روز اسلام آباد میں میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں بشمول نیشنل پریس کلب (این پی سی) پر کئے گئے پرتشدد حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔چیئرمین نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا اداروں اور صحافیوں پر حملوں کو آزادی صحافت اور صحافت اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی میڈیا پروفیشنلز یا اداروں کو دھمکانے یا نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کے ایک گروپ نے جس کی تعداد 50 سے 60 کے درمیان تھی، نیشنل پریس کلب میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔–
انہوں نے کلب کے گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی، عملے کو ہراساں کیا اور یہاں تک کہ دیواریں پھلانگنے کی کوشش کی۔ اس دوران خواتین صحافی بھی نشانہ بنیں جبکہ اسلام آباد کے دیگر مقامات پر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے والے کئی صحافی زخمی ہوئے۔چیئرمین پی سی پی نے صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کی حفاظت اور عزت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پی سی پی آزادی صحافت کو کمزور کرنے یا صحافیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی ، اس قسم کے اقدامات جمہوریت اور قانون کی حکمرانی پر حملہ ہیں۔پی سی پی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان میں میڈیا پروفیشنلز کے لیے ایک آزاد اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔