اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک (آن لائن شرکت) کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای سی سی کے گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جن کا تعلق
مالیات، داخلہ، صنعت و پیداوار، بین الصوبائی ہم آہنگی، ہائوسنگ و تعمیرات، خوراک و تحفظ و تحقیق، توانائی، قومی صحت کی خدمات، قواعد و ضوابط اور ہم آہنگی سے متعلقہ امور سے تھا۔ای سی سی کو اس کے گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جس کے بعد متعلقہ وزارتوں نے ان مسائل پر علیحدہ علیحدہ پریزنٹیشنز دیں جو ان کے پاس زیر التواء ہیں اور ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات اور درکار اقدامات پر روشنی ڈالی۔ای سی سی نے اپنے فیصلوں کے نفاذ میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ہم آہنگی کو بہتر بنائیں اور سٹیک ہولڈر وزارتوں اور ڈویژنز کے ساتھ ایک مناسب میکانزم کے ذریعے فعال طور پر کام کریں تاکہ ای سی سی کے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد اور دیئے گئے کاموں اور ذمہ داریوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔