کراچی۔(نمائندہ خصوصی)میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہتھنی مدھو بالا کو کراچی چڑ یا گھر سے سفاری پارک باحفاظت منتقل کردیا گیا ہے جہاں پہلے سے دو ہتھنیاں موجود ہیں اب پندرہ سال کے بعد مدھو بالا بھی ان کے ساتھ رہیں گی، اس کے لئے بین الاقوامی تنظیم فور پازکے تعاون کے شکر گزار ہیں، ہم سب جانوروں کی فلاح و بہبود اور ان سے محبت کرنا چاہتے ہیں،کے ایم سی اور تنظیم فور پاز نے حکمت عملی طے کی ہے کہ جانوروں کو کیسے صحت مند رکھا جائے، آئندہ جانوروں کی دیکھ بھال اور انہیں صحت مند رکھنے کے لئے ماہرین کے مشوروں پر عمل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سفاری پارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کے ایم کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، فور پازتنظیم کے مرکزی صدر Josef Pfabigan، ڈاکٹر عامر الخلیل،کوآرڈینیٹر فور پاز یسریٰ عسکری، سینئر ڈائریکٹر زو اینڈ سفاری عمران راجپوت اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ آج ہماری ٹیم نے ہتھنی مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کردیا ہے یہاں پہلے سے دو ہتھنیاں موجود ہیں جن کی وجہ سے مدھو بالا کی تنہائی دور ہوگی اور بہتر ماحول میں رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور لانڈھی چڑیا گھر میں جن جانوروں کا اضافہ کرسکتے ہیں ضرور کریں گے اور ماحول کو بہتر بنائیں گے تاکہ عوام تفریح کی بہترین سہولیات سے مستفید ہوسکیں، 2009 ء میں چار ہتھنیاں افریقہ سے لائی گئی تھیں جن میں سے دو ہتھنیوں کو کراچی چڑیا گھر منتقل کیا گیا تھا، تنظیم فور پاز کے تعاون سے آج تقریباً پندرہ سال کے بعد ہتھنی مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ اپنی دونوں بہنوں کے ساتھ آزادانہ ماحول میں رہیں گی، اس وقت ہتھنی مدھو بالا کی عمر 20 سال ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر اورسفاری پارک میں عوام نے بڑی تعداد میں آنا شروع کیا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہاں ان تفریحی مقامات پر ماحول اور سہولیات بہتر ہوئی ہیں اور اس پر ہم کام جاری رکھیں گے، آج کراچی میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کا چورن بکتا رہے اور کراچی میں ترقیاتی کام نہ ہوں،ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہایک سوال کے
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ مسئلہ 140-A یا اختیارات کا نہیں بلکہ کام کرنے کا ہے، فور پاز تنظیم کے صدر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سب نے ٹیم ورک کے طور پر کام کیا جس کی وجہ سے مدھو بالا کی سفاری پارک منتقلی ممکن ہوئی، مجھے کراچی سفاری پارک اور چڑیا گھر آکر بہت اچھا لگا، ڈاکٹر عامر الخلیل نے کہا کہ ہتھنی مدھو بالا کی منتقلی کے حوالے سے جو وقت یہاں گزرا ہے وہ بہت یادگار رہے گا، ہم نے مل کر نیک کام کیا ہے اور اس سلسلے میں کے ایم سی نے تمام تر اقدامات کئے، میئر کراچی نے سفاری پارک میں ہتھنی کو دی جانے والی سہولیات اور انکلوژر کا بھی معائنہ کیا اور جانوروں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔