اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ انتشاریوں کا مقصد لاشیں گرا کر ان پر سیاست کرنا ہے، ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، یہ بیلاروس کے صدر کے دورے کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کر کے آئی ہیں، پولیس اور رینجرز کے شہداء کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟ ریاست فسادیوں اور انتشاریوں کا کوئی مقصد پورا نہیں ہونے دے گی۔منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کر کے آئی ہیں، وہ خود ابھی تک کہیں چھپی ہوئی ہیں اور کرائے کے مزدوروں اور بچوں کو لا کر فرنٹ پر کھڑا کیا گیا ہے، یہ غریبوں کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں جو انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بیلاروس کے صدر پاکستان کے دورے پر ہیں، دونوں ممالک کے درمیان معاہدے ہو رہے ہیں، بزنس کانفرنس چل رہی ہے جبکہ دوسری طرف تحریک انتشار ان کے دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تحریک انتشار 9 مئی کے مقاصد دوبارہ حاصل کرنا چاہتی ہے، یہ چاہتے ہیں ملک میں خون خرابہ ہو اور پھر یہ لاشوں پر سیاست کریں، ان کا مقصد پورا نہیں ہونے دیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ رینجرز کے جوان شہید ہوئے، پولیس اہلکار مبشر کو شہید کیا گیا، ان کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟ ۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی دوست ملک کا دورہ ہوتا ہے تو انہیں دھرنا کیوں یاد آجاتا ہے؟ یہ دھرنے کے لئے اسی جگہ کا انتخاب کیوں کرتے ہیں؟ اس لئے کہ یہ ملک دشمن ہیں اور ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پر جان بھی قربان کرنے کے لئے تیار ہیں، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ فلاں نہیں تو پاکستان نہیں، یہ چاہتے ہیں پورے ملک میں انتشار پھیلے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے کوئی ان کے احتجاج میں نہیں نکلا، گرفتار کارکنوں نے کہا کہ ہمیں پیسے دے کر لایا گیا ہے، پی ٹی آئی قیادت اپنے بچوں کو باہر لائے اور فرنٹ لائن پر کھڑا کرے، یہ خود ڈی چوک کیوں نہیں پہنچتے؟۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انتشار کی پوری قیادت کا مقصد ایک ہی ہے کہ کسی طریقے سے یہاں پر لاشیں گرائی جائیں اور لاشوں پر سیاست کی جائے جو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے، آج معیشت ترقی کر رہی ہے، سٹاک مارکیٹ آگے جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملکی ترقی روکنا چاہتی ہے، ان کے احتجاج ہمیشہ افغانی لیڈ کرتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ منافقت، انتشار، تشدد کی سیاست کر کے سیاسی پوائنٹ سکورنگ چاہتے ہیں، ہمارے جوانوں کا مورال بلند ہے، وہ امن کو برقرار رکھنا جانتے ہیں، اس لئے ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کرائے کے لوگوں کے پیچھے چھپ رہی ہے، ہمت ہے تو خود فرنٹ پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈی ریل کرنے، انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، ابھی بھی وقت ہے باز آ جائیں اور منتشر ہو جائیں، ریاست کے صبر کا امتحان نہ لیں۔