کوئٹہ۔ (نمائندہ خصوصی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی نے کہاہے کہ معصوم لوگوں کو قتل اور بچوں کو اغواء کرنے والوں سے کس طرح نمٹیں اگر سیاسی جماعت کے پاس کوئی اور حل ہے تو بتائیں ،ہماری نظر میں بچوں کو اغوا کرنے والے اور معصوم لوگوں کو قتل کرنے والوں کیخلاف آپریشن کے سوا کوئی اور آپشن نہیں، جب تک موقع ہے بلوچستان کی خدمت کرتارہوں گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ مغوی مصور خان کے اغوا پر افسوس ہوا، ایسا محسوس ہورہاہے جیسے میرا اپنا بچہ اغواء ہواہو، کوئی حکومت نہیں چاہے گی کہ ان کی حکومت میں بچے اغواء ہوں ،حکومت بلوچستان اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے مصور کی بازیابی کیلئے اقدامات کررہی ہے ،بلوچستان میں آپریشن ٹارگٹڈ ہیں اور یہ آپریشن دہشتگردوں کے خلاف ہوگا جہاں دہشتگردوں کے کیمپس ہوں گے وہاں آپریشن ہوگا انہوں نے کہاکہ آپریشن کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں بتائیں دہشتگردی کیخلاف کوئی ایک حل ہے تو ہم اس پر عمل کرینگے۔ میرسرفرازبگٹی نے کہاکہ جب تک موقع ہے بلوچستان کے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔