اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ صنفی بنیاد پر تشدد دنیا بھر میں خواتین کی سالمیت اور وقار کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں خواتین پر تشدد اور ان کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون سازی کی گئی۔ پیر کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 25 نومبر دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن ہے، صنفی بنیاد پر تشدد دنیا بھر میں خواتین کی سالمیت اور وقار کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، عورت پر تشدد بہادری کی نہیں بلکہ بزدلی کی نشانی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین پر ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتی ہے، جس معاشرے میں عورت پستی ہے، وہ معاشرہ تنزلی کا شکار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا کہ کوئی قوم کبھی اپنے وجود کے لائق نہیں ہو سکتی جو اپنی عورتوں کو مردوں کے ساتھ ساتھ نہ لے جا سکے، 1973 کے آئین کے مطابق زندگی کے ہر قومی شعبے میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانا لازم قرار دیا گیا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کو ہر شعبے میں آگے لانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے، خواتین کو خاص طور پر ان کی صنفی حیثیت اور ان کی صورتحال کی نزاکت کی وجہ سے انتہائی درجے کی زیادتیوں اور استحصال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں خواتین پر تشدد اور ان کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون سازی کی گئی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعےغریب گھرانے کی عورتوں کو معاشی طور پر خودمختار کیا گیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی کے لئے خواتین کے حقوق اور عزت کا تحفظ نہ صرف ایک مقصد ہے بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری ہے جسے وہ پورے عزم کے ساتھ نبھاتے رہیں گے، ہم صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف جنگ اور تمام خواتین کے لیے ایک محفوظ، مساوی اور منصفانہ ماحول کی تخلیق کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔