اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے احتجاج کیلئے آئے مظاہرین کے ہاتھوں پولیس اہلکار کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کانسٹیبل مبشر شہید کے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کی بلندی درجات کی دعا کی۔وزیر اعظم نے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے اور احتجاج کے دوران پتھرائو و تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کے نام پر پولیس اہلکاروں پر حملہ قابل مذمت ہے،پولیس اہلکار و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار امن و امان قائم کرنے کیلئے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کرنے والے ایک مرتبہ پھر سے پر تشدد کارروائیاں کر رہے ہیں،46 سالہ شہید کانسٹیبل مبشر کے کم سن بچوں کی دنیا شرپسند عناصر کے ہاتھوں اجڑ گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ جب جب ملک ترقی کی منازل طے کرنے لگتا ہے،شر پسند عناصر ملک بھر میں جلائو گھیرائو شروع کر دیتے ہیں،مجھ سمیت پوری قوم کانسٹیبل مبشر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کانسٹیبل مبشر ایک ایسے گروہ کے ہاتھوں شہید ہوئے جو ملکی ترقی کا دشمن ہے،نام نہاد امن پسند احتجاجیوں کا پولیس اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے کا عمل قابل مذمت ہے۔