لاہور۔(نمائندہ خصوصی)بابا گورو نانک جنم دن منانے کے بعد بھارتی سکھ یاتری گورو کی دھرتی کی خوبصورت یادیں لیئے واپس بھارت لوٹ گئے،پاکستان کی مہمان نوازی ہمیشہ یاد رکھیں گے، واہگہ بارڈر پر "بولے سو نہال ست سری کال” اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ،سکھ یاتریوں نے نم آنکھوں کے ساتھ پاکستان کی دھرتی کو الوداع کیا۔پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سرداررمیش سنگھ اروڑہ اورمتروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللٰہ کھوکھر نے بھارتی مہمانوں کو الوداع کیا اور تحائف پیش کیے ۔اس موقع پر خواتین سکھ یاتریوں نے واہگہ بارڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئیں تو ان کے دل میں مختلف خدشات وتحفظات تھے لیکن آج جب وہ واپس جارہی ہیں توایسے لگتا ہے جیسے اپنوں سے بچھڑرہی ہیں، پاکستان کے لوگ اتنے پیارکرنے والے ہوں گے، انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا،میڈیا پرپاکستان بارے جو کچھ سنا تھا یہاں سب کچھ اس کے برعکس نظرآیا ہے، اپنے ساتھ جہاں اپنے گرو اور اجداد کی دھرتی کی خوبصورت یادیں لے کرواپس جارہی ہیں، وہیں پرہم بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان اورخاص طور پر متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ اداکرتی ہیں۔شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار گر میت سنگھ نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کے بے حد مشکورہیں، پاکستان اقلیت نواز ملک ہے، ہمیں یہاں پر طرح کی سہولیات میسر تھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی عزت ملی اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔دہلی گورد وارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار ہرجیت سنگھ نے کہا کہ ہمارے گوردواروں کو اصل حالت میں بحال رکھا گیا اور ان کی خوبصورتی قابل تعریف ہیں، حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک نے میڈیکل ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کیئے ۔پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ و مذہبی آزادی حاصل اور تعلیم و روزگار سمیت تمام سہولیات یکساں میسر ہیں ۔انہوں نے بھارتی سکھوں سے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، وہ جب چاہیں یہاں آسکتے ہیں، بھارتی مہمان آج یہاں سے پیار،محبت ،امن اور بھائی چارے کا پیغام لے کرواپس جارہے ہیں۔ٹرسٹ بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ وفاقی حکومت اور چیئرمن متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمن کی خصوصی ہدایات پر ہم ہمسایہ ملک سے آنے والے مہمانوں کی مہمان نوازی کے لیے ہمہ وقت تیارہیں، یاتریوں کے لیے بہترین اقدامات کیے اور تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی میں معاونت کرنے والے تمام صوبائی اور وفاقی سکیورٹی وانتظامی اداروں و میڈیا نمائندوں کے شکر گزار ہیں ۔