اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے ،کے پی میں کرپشن اور دہشت گردی عروج پر ہے لیکن وزیر اعلی ٰ کے پی کے سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پر چڑھائی میں مصروف ہیں،دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے ۔ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ کے پی میں 20 نومبر سے اب تک 100 سے زائد لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں،100 گھر جلادیئے گئے ہیں،سینکڑوں دکانیں جلائی گئی ہیں تاہم ان کو گندی سیاست کی پڑی ہے،بنوں،مردان،چارسدہ،کرم سمیت مختلف شہر دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں اور یہ وفاق پر یلغار کررہے ہیں اور اسے جہاد اور انقلاب کا نام دیتے ہیں۔سرکاری خزانے سے ایک ارب روپے اس یلغار پر لگارہے ہیں۔صوبے میں ڈینگی سے اموات کی ان کو پرواہ نہیں۔خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے،صوبے کے ڈھائی ہزار سکولوں میں بچے ٹاٹ پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں،صحت وتعلیم کی سہولیات کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا ریسکیو کا ادارہ مشکل حالات میں عوام کی مدد کے لئے بنایاگیا تھا تاہم یہاں پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ہیڈ کوارٹر بنایاگیاہے اور عملہ کو وہاں سے نکال دیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر ڈپٹی کمشنر کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ اپنے دفتر میں پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیموں کو ڈیسک بناکردیئے جائیں۔ان کو کھانا اور ٹرانسپورٹ دیں۔جس نے یہ ٹاسک پورا کیا اسے اچھی تعیناتی کی نوید سنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سب کے پیچھے "چاچی 420″ہے ساری کمانڈ اس نے اپنے ہاتھ میں لے رہی ہے۔جہاد کے نعرے لگارہی ہے۔منتخب اراکین کی ڈیوٹیاں لگارہی ہے۔کے پی سے یلغار کرنے کی ہدایت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ موروثی سیاست نہیں تو اور کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے تحائف بیچنے والوں کو نمونہ ہی کہا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ چین سے تعلقات ہم نے بحال کئے،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے ہماری معیشت کو سنبھلنے میں معاونت کی۔بشری ٰ بی بی نے دوست ملک کے خلاف زہر آلود بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ علی امین دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں آگ لگی ہوئی ہے،یہ نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ان کے فراڈ اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ نے صوبے کے لوگوں کو گمراہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ٹی ایم اے ملازمین کو 24 نومبر میں شرکت کے احکامات دیئے گئے ہیں۔افغان مہاجرین کو 5 ہزار روپے پر ہائر کیاگیا ہے۔صوبے کے ایڈہاک اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ چل رہا ہے وہ سراپا احتجاج ہیں،انہیں تحریک کا حصہ نہ بننے پر ملازمت سے برخاست کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان آرہے ہیں،یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی نہ کرے۔دوست ممالک سے تعلقات خراب کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔پی ٹی آئی کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی،علی امین گنڈاپور سرکاری وسائل انتشار کے لئے استعمال کررہے ہیں۔