راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں تین خوارجی جہنم واصل کردیئے۔ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی،شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خوارجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔اسی طرح ضلع خیبر میں باڑہ کے مقام پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گرد جہنم واصل کئے۔ہلاک دہشتگردوں کی شناخت حق یار آفریدی ، خیبر ے اور گلہ جان کے نام سے ہوئی ہے ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان نےتوقع ظاہر کی ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور افغانستان کی سرزمین خوارجیوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی شرپسند کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے گی ۔پاکستان تسلسل کے ساتھ افغان عبوری حکومت سے یہ مطالبہ کرتا آیا ہے کہ وہ اپنی سرحد کی طرف سے موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے ۔