اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وفاق پرچڑھائی کرنے کے بجائے صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کریں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی اکثر اہم دوروں، کانفرنسوں اور اقتصادی یا سفارتی سرگرمیوں جیسے اہم پروگراموں کے دوران مظاہروں کا اہتمام کیوں کرتی ہے؟۔انہوں نے بانی پی آئی کی اہلیہ کے کے ایک حالیہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس میں مذہب، سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے لیکن بدقسمتی سے وہ وفاق پر حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے لوگ لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت کسی کو بھی ملک میں بدامنی پھیلانے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ اور ملکی استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔