اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کے پیش نظر اسلام آباد کو ہر صورت محفوظ بنائیں گے،اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کیا جائے گا، اس مرتبہ اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ ہفتہ کو پولیس فورس کا حوصلہ بڑھانے پولیس لائنز پہنچ گئے۔انہوں نے قیام امن کیلئے اسلام آباد پولیس کی جانفشانی کی تعریف کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس لائنز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جس کے پیش نظر ہم نے اسلام آباد شہر کو ہر صورت محفوظ رکھنا ہے، پولیس فورس نے اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے اور اسے یقینی بنانا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کیا جائے گا ، اس مرتبہ اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی زندگیاں بہت عزیز ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی زندگی انتہائی عزیز ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دوران ڈیوٹی آپ نے تمام حفاظتی سامان پہننا اور پوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں،پولیس فورس نے ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر فرائض سرانجام دینے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے، اس بار کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے،امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آبادپولیس ، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آبادپولیس اور پولیس افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔