اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں ،کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے ۔وفاقی وزیرداخلہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ہفتہ کو پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ہےوفاقی وزیرداخلہ اور بیرسٹر گوہر نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔ کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلی سطح کے 80 رکنی وفد کی 24 نومبرسے 27 نومبر کی مصروفیات و تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بیلاروس کا اعلی سطح کا وفد 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے جبکہ بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ بیلاروس کا وفد 27 نومبر تک اسلام آباد رہے گا۔ بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیرداخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔